تحریر: گمنام کوہستانی۔
کاک سر دراصل کمراٹ سے چترال سر لاسپور جاتے ہوئے تھالو پاس کے راستے میں آنے والے ایک بہت بڑی جھیل کا نام ہے۔ کمراٹ کے بلند و بالا برفپوش پہاڑوں میں واقع اس جھیل کے بارے میں بزرگ کہتے ہیں کہ یہ اتنی بڑی جھیل ہے کہ چترال جاتے ہوئے آدھ دن جھیل کے کنارے سفر کرنا پڑتا ہے۔ تھالو پاس کوہستان دیر کے علاقے کمراٹ کو چترال کے علاقے سر لاسپور سے ملانے والے صدیوں قدیم پہاڑی راستے کا نام ہے۔ بزرگوں کے مطابق ماضی میں جب بھی دونوں طرف آباد داردی اقوام پر کوئی مشکل وقت آیا ہے تو اس پاس کے ذریعے مقامی لوگوں نے ایک دوسرے کے ہاں پناہ لی ہیں۔ مقامی سفید ریشوں کے مطابق 1804 میں دیر خاص کھونے کے بعد دیر کوہستان میں آباد داردی قبائل کا آس پاس موجود دوسرے داردی اقوام کے ساتھ انہیں پہاڑی راستوں کے ذریعے رابطہ ہوتا تھا۔
باڈگوئی پاس، بٹلو پاس اور دارال چومر پاس وغیرہ سوات جانے کے لئے استعمال ہوتے تھے جبکہ تھالو پاس، کاشکین پاس اور گوو پاس چترال جانے کے لئے مستعمل تھے۔ تھالو پاس، کاشکین پاس کمراٹ ویلی میں واقع ہے جبکہ گوو پاس ڈوگدرہ کے علاقوں کو چترال سے ملاتا ہے۔
تھالو پاس سے چترال جانے کے لیے سب سے پہلے کمراٹ آنا ہوگا۔ کمراٹ ویلی کے علاقے دو جنگا تک فور بائی فور گاڑی آرام سے آ سکتی ہے۔ دو جنگا سے آگے آخری چراگاہ شازور بانال تک چار سے پانچ گھنٹوں کا پیدل ٹریک ہے۔ شازور بانال تک راستے میں کئی خوبصورت اور دلنشیں علاقے جیسے ایز گلو بانال، چھاروٹ بانال اور گھورشئی بانال وغیرہ آتے ہیں۔ یہ کمراٹ کا گمنام لیکن قدرتی حسن سے مالامال علاقہ ہے۔ شازور بانال سے آگے ڈھائی دو گھنٹوں کے بعد شازور جھیل آتا ہے۔ جھیل سے تقریبا دو گھنٹوں کے سخت چھڑائی کے بعد تھالو پاس آتا ہے۔ یہاں سے آگے چترال جاتے ہوئے راستے میں تین بڑے جھیلیں اور ایک بڑا گلیشئر آتا ہے ۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے پہلی
جھیل کا نام تھالو سر، دوسری کا نام کول سر اور تیسری کا نام زیگی چھٹ ہے جبکہ گلیشئر کا نام تھالو گلیشئر ہے۔
ان تین جھیلوں اور گلیشئر کو کراس کرنے کے بعد کاک سر آتا ہے۔ دو کلومیٹر تک لمبی اس جھیل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ہندوکش کے اس حصے کی سب سے بڑی جھیل ہے۔ کمراٹ کے علاقے دوجنگا سے کاک سر تک تقریبا 13 سے پندرہ گھنٹوں کا پیدل راستہ ہے۔ شازور جھیل تک عام ہموار راستہ ہے جس میں چھڑائی، اترائی بہت کم ہے البتہ شازور جھیل سے آگے کاک سر تک راستہ پتھریلا اور سخت ہے۔ کاک سے آگے پھر چترال کے علاقے شروع ہوتے ہیں۔ راستے میں چترال کی مشہور جھیل بشقار گول جھیل سے ہوتے ہوئے آپ چترال کے علاقے سر لاسپور پہنچ سکتے ہیں۔ مقامی بزرگوں کے مطابق کمراٹ دو جنگا سے سر لاسپور چترال تک تقریبا چار سے پانچ دن لگتے ہیں۔ راستے میں مقامی چرواہوں کےعلاوہ کوئی انسانی آبادی نہیں ہے۔ لہذا ٹریک پر نکلنے سے پہلے مقامی گائڈ، کھانے پینے کے چیزیں، رات گزارنے کے لیے کیمپ اور موسم کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔