PEACEFUL KUMRAT VALEY A Paradise on Earth Kumrat Valley

Latest

PEACEFUL KUMRAT VALEY

پر امن کمراٹ
Peaceful kumrat valley
گمنام کوہستانی
کمراٹ آنے والے دوست اکثر امن و امان کے حوالے سے فکر مند ہوتے ہیں۔ اکثر دوست پوچھتے ہیں کمراٹ میں سیکورٹی کا تو کوئی مسلہ نہیں ہے؟ کیا کمراٹ فیملی کے ساتھ آ سکتے ہیں؟ کیا کمراٹ میں آزادانہ گھومنے کی اجازت ہے؟ وغیرہ وغیرہ,ان دوستوں کو بتاتا چلوں کہ کمراٹ ایک پرامن اور پر سکون جگہ ہے، یہاں نہ تو سیکورٹی کا کوئی مسلہ ہے اور نہ کمراٹ میں گھومنے پر پاپندی ہے۔ ہماری امن پسندی کا اس سے بڑا اور ثبوت کیا ہوگا کہ ہمارے پڑوس کا علاقہ سوات طالبان کے شورش کی وجہ سے جل رہا تھا اور ہمارے ہاں طالبان کے نام پر ایک فائر تک نہیں ہوا۔ ہم لوگوں نے خود اپنے پولیس سٹیشنز و دیگر سرکاری عمارتوں کی حفاظت کی، دن رات ان کی پہرہ داری کی، طالبان نام کی اس مخلوق کو دیر کوہستان میں پنپنے نہیں دیا، ہمارے اندر جو ان کے حامی لوگ تھے خود ان کو پکڑ کر ریاست کے حوالے کیا۔ یہ ہوٹلز وغیرہ تو اب بن گئے اس سے پہلے کمراٹ آنے والے تمام مہمانوں کو ہم مقامی لوگ بغیر کسی مالی لالچ کے اپنا مہمان بناتے تھے اور اپنی بساط کے مطابق ان کی خدمت کرتے تھے۔ باپ دادا سے دوسری چیزوں کے ساتھ ہمیں مہمان نوازی بھی وراثت میں ملتی ہے اس لئے مہمان نوازی کو ہمارے ثقافت میں بہت اہم مقام حاصل ہے۔


ایک کوہستانی تب تک اچھا کوہستانی نہیں کہلاتا جب تک وہ دشمن کے مہمان کی بھی اس طرح مہمان نوازی نہیں کرتا جیسے اپنے مہمان کا کرتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں مہمان نوازی کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری مادری زبان کی سب سے مشہور غزل چچ یاگ مہمان کے ہی متعلق ہے۔ اس لئے دوستوں دیر کوہستان کے ہر کونے میں آپ آزادانہ گھوم سکتے ہیں کسی پر بھی کسی قسم کی پابندی نہیں ہے اور نہ یہاں فیملی کے ساتھ آنے میں کوئی دقت ہے۔ دیر کوہستان کے کسی بھی کونے میں آپ کسی بھی مصیبت میں گرفتار ہوئے تو کسی بھی مقامی کے گھر کے دروازے پر دستک دیں آپ کی بھر پور مدد کی جائے گی اگر آپ گاوں سے دور ہیں یا پھر کمراٹ یا جاز بانال میں کہیں ہیں اور آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو پھر آس پاس جھونپڑی نما گھر جسے ہم ڈیکیر کہتے ہیں تلاش کریں، یہ ہمارے موسم گرما کے گھر ہوتے ہیں، سال کے تقریباً چار سے سات مہینے ہم لوگ ان گھروں میں اپنے مال مویشیوں کے ساتھ رہتے ہیں یہاں سے آپ کو 
یقینی مدد ملے گی۔


پچھلے سال دیر کوہستان آنے والوں میں کئی غیر ملکی بھی شامل تھے جو بغیر کسی سیکورٹی کے دیر کوہستان کے ان سحر انگیز وادیوں میں آزادانہ گھوم رہے تھے، زیر نظر تصویر میں آپ باہر کے ان دو مہمان خواتین کو دیکھ سکتے ہیں جو بغیر کسی سیکورٹی کے کمراٹ میں گھوم رہی ہیں۔ کہنے کا مقصد بس اتنا ہے کہ ہم ہر پرامن اور مہمان نواز لوگ ہیں، ہم ہر پر امن مہمان کو چاہے وہ کوئی بھی ہو کسی بھی نسل، قوم، مذہب سے تعلق رکھتا ہو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دیر کوہستان کے یہ گمنام لیکن قدرتی حسن سے مالامال وادیاں آپ کو مایوس نہیں کریں گی۔