ملکہ حسن وادی کمراٹ دیر کوہستان
صاحب! آپ نے پاکستان کے خوبصورت وادیاں دیکھی ہونگی، کئی سرسبز و شاداب و سحر انگیز جنگلوں میں خیمہ زنی کرکے لیل و نہار کا انضمام بھی دیکھا ہوگااور روح کی تسکین کیلئے کئی برفیلی وادیوں میں بھی زندگی کے اہم ایام گزارے ہوں گے لیکن اگر کوہ ہندوکش کے دامن میں واقع برف کی سفید چادریں اوڑھے پہاڑوں،ابرسے گفت و شنید کرتے میدانوں،دریائے پنجکوڑہ سے سیراب ہوتے خوبصورت گھنے جنگلات پر مشتمل دیر کوہستان کی وادی کمراٹ نہیں دیکھی، تو یقین جانیں آپ نے قدرت کا اصل حُسن نہیں دیکھا،کمراٹ پاکستان کی حسین وادیوں میں سے ایک ہے جس کے مشرق میں منی سوئزرلینڈ سوات کی حسین وادی کالام،شمال اور مغرب میں مارخوروں کا مسکن چترال اور جنوب میں حسین وادیوں کا امین لوئر دیر واقع ہے ۔حسین ہمسائیوں میں گھری اس وادی کا درجہ حرارت موسم گرما میں دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ 25سینٹی گریڈ جبکہ رات کے وقت 3سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک بھر سے لاکھوں سیاح ہرسال موسم گرما میں اس وادی کا رخ کرتے ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ جس نے لاہور نہیں دیکھا اس نے کچھ نہیں دیکھا میں کہتا ہوں جس نے کمراٹ نہیں دیکھا اس نے کچھ نہیں دیکھا۔