شابانال
تحریر: گمنام کوہستانی
بالائی پنجکوڑہ کے اہم اور خوبصورت گاوں بریکوٹ کے قریب واقع قدرتی حسن سے مالامال لیکن گمنام علاقے شابانال میڈوز ایک خوبصورت پکنک سپاٹ ہے جو بریکوٹ گاؤں سے دو ڈھائی گھنٹوں کے پیدل ٹریک پر واقع ہے اس خوبصورت و دلنشین علاقے کو باہر کے بہت کم لوگوں نے دیکھا ہے۔
برف پوش پہاڑوں کے دامن میں واقع ہری بھری گھاس کے وسیع میدان اور چاروں طرف دیار کا گھنا جنگل بلا شک و شبہ شابانال کا شمار بالائی پنجکوڑہ کے خوبصورت چراگاہوں میں ہوتا ہے لیکن مین روڈ سے ہٹ کر واقع ہونے کے وجہ سے سیاح یہاں نہیں جاتے۔ البتہ مقامی جوان یہاں کرکٹ وغیرہ کے ٹورنامنٹ منعقد کرتے ہیں جس میں دور دراز علاقوں کے لوگ بھی شرکتِ کرتے ہیں۔
گھنے جنگل میں واقع ہونے کے وجہ سے یہ علاقے اب تک انسانی دست برد سے محفوظ ان ٹچ علاقے ہیں جہاں قدرتی حسن اپنی اصل شکل و صورت میں نظر آتا ہے۔ کیمپنگ اور فوٹوگرافی کرنے والے دوستوں کے لئے بہترین جگہ ہے لیکن صفائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا اور اپنا کچرہ بیگوں میں بھر کر واپس لانا ہوگا۔
ٹریکر حضرات شابانال سے ہوتے ہوئے آگے باٹاوار بانال اور اس سے آگے شڑ ویلی سے ہوتے ہوئے درال پاس سے سوات بحرین بھی جا سکتے ہیں۔ میں خود دو بار اس ٹریک پر باٹاوار بانال تک گیا ہوں یہ انجان علاقے ہیں جہاں نیلگوں پانی کے کئی خوبصورت جھیلوں سمیت دیار کے گھنے جنگل اور سرسبز گھاس کے وسیع و عریض میدان واقع ہیں۔ یاد رہے کوہستان دیر کے اس حصے میں بہت کم درخت کاٹے گئے ہیں یوں یہاں آپ کو ہزار سالہ پرانے قدیم درخت بھی بکثرت ملیں گیں۔