TRAVEL COMPLETE GUIDE TO KUMRAT VALLEY PART 02 A Paradise on Earth Kumrat Valley

Latest

TRAVEL COMPLETE GUIDE TO KUMRAT VALLEY PART 02

لاہور سے کمراٹ ویلی، جہازبانڈہ اور باڈگوئی ٹاپ تک سفر رودادحصہ دوئم
 (یہ تحریر پہلی بار 2016 میں شئر کیا گیا تھا جس کو آج سے دوبارہ آکے خدمت میں پیش کیا جاتا ہے)
Travel to Kumrat Valley Part-02
تیمرگرہ سے اپر دیر پہنچنے تک راستے میں کئی چھوٹے چھوٹے بازار آتے ہیں۔ ڈاب، رباط، خال، شلفم، طورمنگ، اُنکار، خاگرام، آمین آباد، واڑی، وحید آباد اور داروڑہ اہم بازار ہیں۔ دیر بالا کے ضلعی ہیڈ کوارٹر سے 5 سو میٹر قبل ایک شاہراہ اس حسین اور دل کش وادی کی جانب جاتی ہے۔ سڑک پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اس کی تعمیر مکمل ہوجائے گی جو دریائے پنجکوڑہ کے ساتھ ساتھ جاتی، پہاڑوں کے درمیان سے یہ بل کھاتی سڑک بہت ہی حسین مناظر کی امین ہے۔ اسی سڑک پر پہلا پڑاؤ ایک خوبصورت وادی شرینگل میں ہوتا ہے، یہاں پر خوبصورت بازار اور ایک چھوٹا سا شہر بھی آباد ہے، جب کہ یہاں ایک یونیورسٹی بھی قائم ہے۔

یونیورسٹی شہر کے دامن میں دریائے پنجکوڑہ کے کنارے بنائی گئی ہے۔ صوبائی حکومت کے تبدیلی کے دعوؤں کے برعکس اس یونیورسٹی کی حالت زار قابل رحم ہے۔ یونیورسٹی کے حال پر ایک تحریر انشاءاللہ ضرور لکھی جائے گی۔ شرینگل کے بعد پاتراک کا ایک چھوٹا سا قصبہ ہے، جہاں طالبات کے لئے ایک مڈل اسکول اور طلبہ کے لئے ہائی اسکول قائم ہے۔ یہاں پر ٹراؤٹ فش کا ایک فارم بھی ہے جو کہ سرکاری طور پر قائم کیا گیا ہے۔ یہاں ٹراؤٹ پالی تو جاتی ہے مگر بڑے ہونے کے بعد ٹراؤٹ جاتی کہاں ہے؟ وہاں موجود کسی بھی شخص نے خاطر خواہ جواب نہیں دیا۔ پاتراک سے اگلا پڑاؤ تھل میں ہوتا ہے، تھل کو وادی کمراٹ کا بیس کیمپ کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا۔ تھل 2 سو سال سے آباد ایک چھوٹا سا قصبہ ہے، جہاں کوہستانی قوم کے افراد آباد ہیں۔ یہاں طلبہ اور طالبات کے لئے علیحدہ علیحدہ پرائمری اسکول قائم ہیں۔ طالبات صرف پرائمری تک تعلیم حاصل کرتی ہیں جبکہ طلبہ کا رحجان ہائر ایجوکیشن کی جانب زیادہ ہے۔

یہاں سوشیالوجی کے دو طالب علموں سے ملاقات ہوئی، نوجوانوں سے گفتگو کے دوران اندازہ ہو رہا تھا کہ یہ اپنی روایات سے عاری بس میڈیا کے سہارے چلنے والے نوجوان تھے۔ تھل سے اس وادی کیلئے 2 راستے نکلتے ہیں۔ ایک راستہ وادی کمراٹ کو جاتا ہے جہاں قدم قدم پر قدرت کے کرشمے انسانوں کو دعوت نظارہ دے رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب جہاز بھانڈا (بھانڈا پشتو زبان میں اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں پہاڑوں پر 15 سے 20 گھر ہوں اور اس جگہ کو جہاز بھانڈا مقامی لوگوں کے مطابق اس لئے کہتے ہیں کہ یہ جہاز جتنی بلند جگہ ہے) اور باڑ گوئی کا پہاڑ ہے۔ ہمارے میزبانوں کی جانب سے پہلے دو دن جہاز بھانڈا اور باڑ گوئی کے پہاڑ کے دورے کیلئے مختص تھے۔

تیمرہ گرہ سے تھل تک سفر کے لیے سڑک پر تعمیرانی کام جاری تھا جس کی وجہ سے سفر میں سات گھنٹے لگے۔ تھل شہر میں حکومت کی بنائی ہوئی سڑک اور پرائمری اسکول کے علاوہ کوئی بھی چیز نظر نہیں آتی، یہاں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پن بجلی کے پاور پلانٹس لگائے ہوئے ہیں، تھل میں یہاں کی 150 سالہ پرانی مسجد ہے۔ دریا کنارے آباد یہ چھوٹا سا قصبہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے، جس طرح یہ قصبہ خوبصورت ہے اسی طرح یہاں کے لوگ محبتیں بکھیرنے والے، پیار کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ اجنبی کو دیکھ کر بے اختیار ان کے ہاتھ سلام کے ساتھ مصافحہ کیلئے بلند ہوجاتے ہیں۔ آپ گاڑی پر ہوں یا پیدل ہر چھوٹا، بڑا، نوجوان اور بوڑھا ہاتھ بلند کرکے آپ کو السلام و علیکم کہے گا۔ اسی لئے دوران سفر ڈائری میں اس وادی کا نام میں نے وادیِ السلام علیکم لکھا۔ تھل سے ہماری اگلی منزل باڑ گوئی کے جنگلات میں بنایا گیا محکمہ جنگلات کا خوبصورت ریسٹ ہاؤس تھا، رات ریسٹ ہاؤس میں گزارنے کے بعد مقامی افراد کے مشورے کے بعد باڑ گوئی کی پہاڑی پر جانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا۔ دیر بالا سے تھل پہنچنے تک جو گاؤں یا قصبے آتے ہیں ان میں قابل ذکر شرینگل، بریکوٹ، بیاڑ، پاتراک اور کلکوٹ قابل ذکر ہیں۔۔(جاری)