THOSE VISITING KUMRAT VALLEY AFTER EID A Paradise on Earth Kumrat Valley

Latest

THOSE VISITING KUMRAT VALLEY AFTER EID

عید کے بعد کمراٹ ویلی آنے والے سیاح کے نام
Guidance to tourists coming after EID
تحریر: گمنام کوہستانی
سیاح دوستوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اگر آپ عید کے بعد کمراٹ ویلی آ رہے ہیں تو آپ دیر اور باڈگوئی پاس دونوں راستے استعمال کر سکتے ہیں۔ دیر کے طرف سے پاتراک تک بہترین روڈ بنا ہوا ہے۔ آگے روڈ کچا ہے لیکن آپ کی کار وغیرہ تھل تک آرام سے آسکتی ہے۔ کیونکہ مقامی انتظامیہ نے آپ سیاح دوستوں کے خاطر پاتراک ٹو تھل تک روڈ پر کام شروع کیا ہے جو گڑھے وغیرہ تھے انہیں بھی بھر دیا ہے۔ تو ماضی کے برعکس اب کی بار آپ آرام سے سفر سکتے ہیں۔ اس لئے اگر آپ کے پاس کار وغیرہ ہے تو بلا جھجک دیر کے طرف سے کمراٹ آ سکتے ہیں۔

باڈگوئی پاس پر بھی کام شروع ہے امید ہے عید تک یہ راستہ بھی کھل جائے گا لیکن یہ صرف فور بائی فور گاڑیوں کا راستہ ہے۔ اس لیے اگر آپ کے پاس جیب یا کوئی اور فور بائی فور گاڑی ہے تو باڈگوئی پاس بہترین راستہ ہے۔ لیکن اگر آپ کے پاس کار ہے اور آپ باڈگوئی پاس سے آنے کی کوشش کر رہے ہیں تو ایسی غلطی ہرگز نہیں کرنا ورنہ بعد میں بہت تکلیف اٹھانی پڑے گی۔

جو لوگ بائیک وغیرہ پر آنا چاہتے ہیں وہ دونوں راستوں پر آ سکتے ہیں لیکن باڈگوئی والے راستے پر 125 جیسی بائیک چل سکتی ہے۔ عام 70 یا دوسری قسم کے بائیک پر آنے کی کوشش نہیں کرنا کیونکہ راستے میں کئی سخت علاقے آتے ہیں جہاں 125 اور اس قسم کی طاقتور بائیک ہی چل سکتی ہے۔ موسم بہترین ہے نہ سردی ہے اور نہ گرمی لیکن بارش کی صورت میں سردی بڑھ سکتی ہے اس لئے اپنے ساتھ گرم کپڑے، کوٹ اور جوتے وغیرہ لانا نہ بھولیے گا۔ ساتھ میں ٹیلی نار، جاز یا وارد کی سم لانا بھی نہیں بھولنا کیونکہ یہاں یہی نیٹ ورک چلتے ہیں۔ باقی ضرورت کی تمام چیزیں آپ کو تھل بازار سے مل جائیں گی۔ کمراٹ ویلی ایک خوبصورت اور صاف ستھرا علاقہ ہے کوشش کیجئے کہ کچرا وغیرہ زیادہ نہ پھیلے کیونکہ یہاں صفائی کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے یوں ہر گذرتے دن کے ساتھ اس خوبصورت دلنشین علاقے میں گندگی کے ڈھیر بڑھتے جا رہے ہیں۔ علاقہ پر امن مقامی لوگ مہمان نواز ہیں اس لئے آپ یہاں بے فکری سے کہیں بھی گھوم پھر سکتے ہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کسی بھی مقامی گھر پر دستک دیجئے انشاءاللہ آپ کو وہاں سے بھر پور مدد ملی گی۔۔